🇮🇹 اٹلی میں جنوری 2026 سے تنخواہوں میں اضافہ کس کو کتنا فائدہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں جنوری 2026 سے تنخواہوں میں اضافہ متوقع ہے، جو کہ انکم ٹیکس (IRPEF) کے دوسرے اسکیل میں دو پوائنٹس کی کمی کے باعث ہوگا اس تبدیلی کے بعد دوسرا ٹیکس اسکیل 35 فیصد سے کم ہو کر 33 فیصد رہ جائے گا اس کا فائدہ 28 ہزار سے 2 لاکھ یورو سالانہ آمدنی رکھنے والے افراد کو ملے گا، البتہ سب کیلئے اضافہ یکساں نہیں ہوگا۔
یہ تجویز مالیاتی بل میں شامل ہے اور پارلیمنٹ میں منظوری کے مرحلے میں ہے، لیکن اس کی حتمی منظوری تقریباً یقینی سمجھی جا رہی ہے اس ٹیکس کٹوتی سے 1 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوں گے، جن میں 82 لاکھ کے قریب وہ افراد ہیں جن کی بنیادی آمدنی ملازمت سے ہے اوسطاً سالانہ اضافہ 210 یورو ہوگا اور 50 ہزار یورو آمدنی کے قریب پہنچنے پر یہ فائدہ زیادہ ہوتا جائے گا حکومت نے 2 لاکھ یورو سے زیادہ آمدنی والوں کیلئے فائدہ ختم کرنے کا طریقہ بھی شامل کیا ہے۔
آمدنی کے مطابق اضافہ
30 ہزار یورو تک آمدنی والوں کیلئے سالانہ اضافہ تقریباً 40 یورو ہوگا۔ 35 ہزار یورو آمدنی پر فائدہ 140 یورو تک پہنچ جائے گا۔
40 ہزار یورو آمدنی والوں کو 240 یورو، اور 45 ہزار یورو والوں کو 340 یورو اضافہ ملے گا۔
50 ہزار یورو اور اس سے 2 لاکھ یورو تک آمدنی رکھنے والوں کیلئے اضافہ 440 یورو سالانہ ہوگا۔
دو لاکھ یورو یورو سے زیادہ آمدنی والوں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔
جنوری 2026 سے نئے ٹیکس اسکیل یوں ہوں گے:
23٪ ٹیکس 28 ہزار یورو تک، 33٪ ٹیکس 28 سے 50 ہزار تک، اور 43٪ ٹیکس 50 ہزار سے 2 لاکھ یورو تک۔
کون سب سے زیادہ فائدہ اٹھائے گا؟
پارلیمانی بجٹ آفس کی صدر، لیلیا کاوالاریو کے مطابق تقریباً نصف ٹیکس بچت 48 ہزار یورو سے زیادہ آمدنی رکھنے والے افراد کو جائے گی، جو مجموعی ٹیکس دہندگان کا صرف 8 فیصد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مینیجرز کیلئے اوسط فائدہ 408 یورو سالانہ،کلرکس کیلئے 123 یورو،مزدوروں کیلئے 23 یورو،خود ملازم افراد کیلئے 124 یورو،اور پنشنرز کیلئے 55 یورو ہوگا اس اصلاح پر ریاست کو تقریباً 2.7 بلین یورو لاگت آئے گی۔

0 تبصرے